خبرنامہ پاکستان

الیکشن کمیشن اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کررہا ہے، تحریک انصاف

پی ٹی آئی نے ریکارڈ جمع

اسلام آباد(ملت آن لائن)تحریک انصاف کے وکیل انور منصور نے عدالت میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن فنڈز کی دستاویزات دوسری پارٹی کو دینے کا حکم دے کر اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کی کارروائی روکنے سے متعلق تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے ایڈووکیٹ انور منصور عدالت میں پیش ہوئے۔

ایڈووکیٹ انور منصور نے مؤقف پیش کیا کہ الیکشن کمیشن کسی بھی جماعت کے فنڈز کی دستاویزات دوسری پارٹی کو دینے کا حکم جاری نہیں کرسکتا کیوں کہ الیکشن ناہی عدالت ہے اور ناہی ٹریبونل، الیکشن کمیشن اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کررہا ہے۔

پی ٹی آئی کے مخالف اکبر ایس بابر کے وکیل نے مؤقف پیش کیا کہ ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کی درخواست پر 14 جولائی کو نوٹس جاری کیا اور ہائی کورٹ نے ایسی ہی درخواست پر 25 اکتوبر کے لئے نوٹس بھی جاری کررکھا ہے جب کہ الیکشن کمیشن تحریک انصاف کی حکم امتناعی کی درخواست مسترد کرچکا ہے۔

عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا جب کہ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ اگر درخواست قابل سماعت ہوئی تو اس معاملے کا بھی جائزہ لیا جائے گا کہ یہ کیس بینچ سنے یا ڈویژن بینچ اس کیس کی سماعت کرے گا۔