خبرنامہ پاکستان

الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری 45 روزمیں مکمل کرلی جائیگی: اسحاق ڈار

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سینٹ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کا عمل 45 روز میں مکمل کرلیا جائے گا‘ الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے لئے پارلیمانی کمیٹی قائم کردی گئی ہے‘ حکومت خود بھی یہ چاہتی ہے کہ ممبران کی تقرری جلد عمل میں لائی جائے‘ انتخابی اصلاحات پیکج بھی ایوان میں پیش کیا جائے‘ میرے خلاف ہونے والے واک آؤٹ پر میرے دوستوں کو اتنا تو سمجھ لینا چاہئے کہ میں کتنا مصروف ہوں‘ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے حوالے سے آئینی پیکج نہیں ہوسکتا ،اس کی تصحیح کی جائے اور ترمیم کی گنجائش موجود ہے۔ جمعہ کو ایوان بالا میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سینٹ کی سفارشات کا انتظار تھا اور اس وقت تک بحث سمیٹنا نہیں چاہتا تھا جب تک سینٹ اپنی سفارشات مرتب نہ کرلے۔ گزشتہ روز میرے نہ ہونے پر کچھ دوستوں نے ایوان سے علامتی واک آؤٹ کیا میرے دوست میرے بارے میں جانتے ہوئے بھی واک آؤٹ کرگئے۔ ان کو پتہ بھی ہے کہ میں کتنا مصروف ہوں۔ بجٹ کی تیاری کے بعد اس پر موجود تجاویز تمام معاملات کو دیکھنا اور بجٹ کی اختتامی تقریر کے حوالے سے مصروف تھا۔ انہوں نے سینٹ کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کا عمل پنتالیس روز میں مکمل کرلیا جائے گا۔ دس جون کو مدت ختم ہوگئی تھی اور دس جون کے بعد پنتالیس روز مزید بنتے ہیں اور یہ آئینی مدت ہے جس میں ممبران کی تقرری جلد عمل میں لائی جائے گی۔ انتخابی اصلاحات کمیٹی کے حوالے سے انتخابی اصلاحات کا ایک پیکج ایوان میں پیش کیا جائے گا۔ اس حوالے سے کمیٹی میں موجود تمام ممبران سے اور تمام پارٹیوں سے مشاورت جاری ہے۔ (ن غ/ع ح)