خبرنامہ پاکستان

الیکشن کمیشن نے ایاز صادق کی نااہلی کی درخواست خارج کر دی

اسلام آباد: (آئی این پی) الیکشن کمیشن نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صاد ق کی نااہلی کیلئے دائر درخواست خارج کر دی۔ الیکشن کمیشن نے ایاز صادق کی نااہلی کیلئے توہین عدالت کی درخواست ٹھوس شواہدنہ ہونے کی بناءپر خارج کر دی ہے ۔ شہری وحید کمال نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اخیتار کیا گیا تھا کہ سپیکر ایاز صادق نےمیڈیا پر بات کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دیں جو توہین عدالت کے زمرے میں آتاہے جس پر انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ درخواست پر الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ میڈیا پر بہت سے واقعات ہوتے ہیں مگر الیکشن کمیشن ہر واقعے کا نوٹس نہیں لے سکتی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے شہری کی درخواست ٹھوس شواہد نہ ہونے کی بناء پر خارج کر دی ہے۔ اس سے قبل این اے 122سے عوامی تحریک کے ناکام امیدوار اشتیاق چوہدری کی جانب سے بھی ایاز صاد ق کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ن لیگ نے اپنے امیدوار سردار ایاز صادق کو جتوانے کیلئے سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال کیا.وفاقی وزراءنے کھلم کھلادھاندلی کرتے ہوئے ووٹرز کو طرح طرح کے لالچ دئیے. انتخابات کے روز ووٹرز لسٹیں تبدیل کر کے تکنیکی دھاندلی کی گئی.بعض پولنگ سٹیشنز پر اپنے پولنگ ایجنٹس کو تاخیر سے پہنچایا جس سے پولنگ کاعمل بروقت شروع نہ ہو سکا اور سینکڑوں ووٹرز ووٹ کا حق استعمال کئے بغیر گھروں کو واپس چلے گے۔ درخواست میں کہا گیاتھا کہ انتخابی دھاندلی کرنے پر انتخابی نتائج کو کالعدم قرار دیا جائے جبکہ سردار ایاز صادق کو بھی نااہل قرار دیا جائے جس پر رجسٹرار الیکشن ٹربیونل نے درخواست پر اعتراض لگا کر واپس کر دی تھی ۔