خبرنامہ پاکستان

الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان سمیت 3 جماعتوں کی رجسٹریشن بحال کردی

الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان سمیت 3 جماعتوں کی رجسٹریشن بحال کردی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان سمیت 3 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن بحال کردی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے قانونی تقاضے پورے کیے جانے پر ایم کیو ایم پاکستان، مسلم لیگ فنکشنل اور نیشنل پارٹی کی رجسٹریشن بحال کرتے ہوئے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق تینوں سیاسی جماعتوں کے انتخابی نشانات بحال کردئیے گئے ہیں جس کے بعد وہ سینیٹ انتخابات میں حصہ لے سکیں گی۔ خیال رہے کہ 2 لاکھ روپے رجسٹریشن فیس اور دو ہزار کارکنوں کی فہرست جمع نہ کرانے پر تینوں سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کی گئی تھی۔

……………………………….

اس خبر کو بھی پڑھیے…انتظار قتل کیس میں اہم موڑ، کیس کی پیروی کرنیوالا سرکاری وکیل اچانک تبدیل

کراچی: (ملت آن لائن) سندھ حکومت کی طرف سے انتظار قتل کیس کی پیروی کرنے والا وکیل اچانک تبدیل کر دیا گیا۔ عبدالرزاق گجر کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج 6 نمبر سے 9 نمبر میں تعینات کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، عبد الرزاق گجر نے ملزمان سے رعایت برتنے پر انکار کر دیا تھا، ملزمان کو با اثر افسران کی پشت پناہی حاصل ہے، کیس کا چالان تاحال پیش نہیں کیا جا سکا۔ ملزمان کے خلاف قتل اور قتل الخطاء کی سیکشن لگانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
تحقیقاتی رپورٹ تیار
دوسری جانب انتظار قتل کیس پر سی ٹی ڈی نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق، پولیس اہلکاروں نے انتظار کو جان بوجھ کر قتل کیا۔ انتظار کے قتل میں پولیس اہلکار بلال اور دانیال براہ راست ملوث ہیں۔ رپورٹ میں انتظار کے قتل کیس سازش یا منصوبہ بندی میں ایس ایس پی مقدس حیدر کے ملوث ہونے سے متعلق شواہد نہ ملنے کا ذکر کیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ انتظار قتل کیس کی تحقیقاتی رپورٹ دو روز میں عدالت میں جمع کرا دی جائے گی ۔ ملزمان کی نامزدگی کا فیصلہ عدالت کرے گی۔
انتظار کے والد کی میڈیا سے گفتگو
انتظار کے والد اشتیاق احمد کا کہنا ہے کہ پولیس نے میرے بیٹے کے قتل کے کئی شواہد مٹا دیئے ہیں، تحقیقات کے حوالے سے نئی جے آئی ٹی بھی نہیں بنائی گئی۔ اشتیاق احمد کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی مقدس حیدر کی بھتیجی ماہ رخ میرے بیٹے کی دوست تھی، ماضی میں ایس ایس پی مقدس حیدر کے بھائی نے مجھے فون کر کے ٹیلی فون پر دھمکیاں بھی دی تھیں۔ جس کے بعد میں نے انتظار کو ملائیشیا بھیج دیا تھا۔ انتظار کے والد اشتیاق احمد نے انصاف نہ ملنے پر بھوک ہڑتال کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔