خبرنامہ پاکستان

الیکشن کمیشن کا این اے 154 کے جلسے میں عمران خان کی شرکت کا نوٹس

الیکشن کمیشن کا این اے 154 کے جلسے میں عمران خان کی شرکت کا نوٹس

اسلام آباد:(ملت آن لائن) این اے 154 لودھراں میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) امیدوار علی خان ترین کو الیکشن کمیشن نے نوٹس جاری کردیا۔ الیکشن کمیشن نے جلسے میں عمران خان کے خطاب سے قبل تنبیہ کی تھی کہ انتخابی حلقے ميں رکن قومی اسمبلی جلسہ نہيں کرسکتا۔ الیکشن کمیشن نے ایک نوٹس میں کہا کہ علی خان ترین کو 11 فروری کو ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر لودھراں کے دفتر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی نے انتخابی حلقہ کی حدود میں جلسہ کیا جس میں عمران خان، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید اور مراد سعید نے خطاب کیا۔ نوٹس میں کہا گیا کہ امیدوار کی موجودگی میں رہنماؤں کا خطاب ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی ہے، ضابطہ اخلاق کے تحت رکن قومی یا صوبائی اسمبلی انتخابی مہم کا حصہ نہیں بن سکتے۔ خیال رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی نااہلی کے بعد قومی اسمبلی کے نشست این اے 154 خالی ہوئی تھی جس پر ان کے صاحبزادے علی ترین پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔