خبرنامہ پاکستان

الیکشن کمیشن کا سیاسی جماعتوں کو شوکازنوٹس جاری

الیکشن کمیشن منصفانہ

الیکشن کمیشن کا سیاسی جماعتوں کو شوکازنوٹس جاری

اسلام آباد(ملت آن لائن) الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ2017ء کے تحت سیاسی جماعتوں کی جانب سے 2 ہزار ممبران کی فہرست اور2لاکھ روپے اینلسٹ فیس جمع نہ کرانے والی 121 سیاسی جماعتوں کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے منگل کو جاری شوکاز نوٹس 121سیاسی جماعتوں کو جاری کیا گیا ہے ان میں سے اکثر جماعتوں کی کسی اسمبلی میں یا بلدیاتی اداروں میں ایک نشست بھی نہیں ہے ۔ان میں بلوچستان نیشنل پارٹی، جمہوری وطن پارٹی،جمعیت علماء اسلام (ف)، جمعیت علماء اسلام (س)،جمعیت علماء اسلام (نظریاتی)،جسٹس و ڈویلپمنٹ پارٹی پاکستان، مرکزی جمیعت اہلحدیث(زبیر)،مرکزی جمیعت اہلحدیث(لکھوی)،مرکزی جمیعت اہلحدیث(ساجد میر)، ملت پارٹی، متحدہ علماء مشائخ کونسل سمیت دیگر جماعتیں شامل ہیں، ان سیاسی جماعتوں کو جاری شوکاز نوٹس میں انہیں 15دن کے اندر اس کا جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے اور انہیں خبردار کیا گی اہے کہ اگر وہ اس کا جواب دینے میں ناکام رہے تو ان کے خلاف یک طرفہ کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیاسی جماعتوں کی فہرست سے نکال دیا جائے گا، کل 27 جماعتوں کی جانب سے یہ تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کی جا چکی ہیں جن میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرنز، قومی وطن پارٹی ، سنی اتحاد کونسل ، نیشنل پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ شجاعت، پاکستان مسلم لیگ (ن) ، پاکستان پیپلز پارٹی، آل پاکستان مسلم لیگ، بی این پی عوامی اور دیگر شامل ہیں ۔ 6 جماعتوں کی جانب سے جمع کرائی گئی تفصیلات زیر عمل ہیں۔

…………..
اس خبر کو بھی پڑھیے……

عام انتخابات کیلئے نئی حلقہ بندیوں کا باقاعدہ آغاز

اسلام آباد:(ملت آن لائن) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی حلقہ بندیوں کے عمل کا باقاعدہ آغاز کر دیا، صوبوں اور محکمہ مردم شماری سے متعلقہ ڈیٹا کا حصول شروع کر دیا۔ الیکشن کمیشن نے صوبوں اور محکمہ مردم شماری سے اضلاع اور تحصیلوں کے نقشوں، شماریاتی چارجز، سرکلز اور بلاکس کے نوٹیفیکیشن کا حصول شروع کر دیا ہے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشنز، ٹاون کمیٹیوں، میونسپل کمیٹیوں کے شماریاتی چارجز، سرکلز اور بلاکس کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ تمام اضلاع اور تحصیلوں کے سرکلز اور بلاکس کی سطح کا ڈیٹا سافٹ کاپی میں بھی مانگا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے محکمہ مردم شماری کو شماریات بلاکس میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کا ڈیٹا 5 جنوری تک فراہم کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ 10 جنوری تک حلقہ بندیوں سے متعلق دستاویزات کے حصول کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔ 15 جنوری سے 28 فروری تک حلقہ بندیوں کی ٹرافٹ پرپوزل تیار کر کے الیکشن کمیشن کو دی جائے گی، 5 مارچ سے 3 اپریل تک ٹرافٹ پرپوزل پر اعتراضات وصول کیئے جائیں گے جبکہ 4 اپریل سے 3 مئی تک اعتراضات کو نمٹایا جائے گا۔