خبرنامہ پاکستان

الیکشن کمیشن کا مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی سے جواب طلب

الیکشن کمیشن کا مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی سے جواب طلب
اسلام آباد:(ملت آن لائن)الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے صدر (ن) لیگ نواز شریف، چیئرمین پیپلپز پارٹی بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ 8 جنوری تک پارٹی سربراہان فارن فنڈنگ پر جواب جمع کرائیں۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواستگزار فرخ حبیب اور وکیل فیصل چوہدری الیکیشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے 2013 اور 2015 کے جمع کرائے گئے اثاثوں کی تفصیلات نا مکمل ہیں، دونوں جماعتوں کے امریکہ اور برطانیہ سے فنڈنگ کے شواہد بھی موجود ہیں لہذا دونوں جماعتوں کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ لینے پر کارروائی کی جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا تحریک انصاف اب ہمارا اختیار مانتی ہے، تحریک انصاف کے وکیل نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن کا اختیار مانتے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ پارٹی فنڈنگ سے متعلق معاملے کو سننا ہمیشہ سے الیکشن کمیشن کا اختیار تھا۔