خبرنامہ پاکستان

الیکشن کمیشن کا نااہلی کی درخواست پر عمران خان کو باضابطہ نوٹس جاری

اسلام آباد (ملت + آئی این پی )الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو بیرون ملک فنڈنگ کی ایک اور درخواست میں باضابطہ نوٹس جاری کر تے ہوئے اکبر اویس بابر کی درخواست کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کر دی۔ چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں فل بینچ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت کی ۔ہاشم علی بھٹہ نے عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست دائر کررکھی تھی۔درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان آرٹیکل باسٹھ اورتریسٹھ پر پورا نہیں اترتے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ عمران خان نے کون سے ممنوعہ ذرائع سے فنڈز وصول کئے ہیں۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عمران خان نے ممنوعہ ذرائع سے فنڈنگ نہ لینے سے متعلق غلط سرٹیفیکیٹ الیکشن کمیشن میں پیش کئے ۔ ممنوعہ ذرائع سے فنڈز میں بیرون ملک سے سیاسی جماعت کے لئے فنڈز لینا بھی شامل ہے۔وکیل درخواست گزارشرافت علی نے بتایا کہ عمران خان کی سیاسی جماعت نے ممنوعہ ذرائع سے بیرون ملک سے فنڈز لئے۔ الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کی اپنی دستاویزات میں کہا گیا ہے امریکہ میں غیرملکیوں نے پارٹی کے لئے فنڈز اکٹھے کئے ۔ پی ٹی آئی بیرون ملک کے فنڈز پر چلنے والی سیاسی جماعت ہے۔ عمران خان نے الیکشن کمیشن سے جھوٹ بولا جس پر وہ رکن پارلیمنٹ رہنے کے اہل نہیں۔ پی ٹی آئی کو دوہزار ایک سے دوہزارتیرہ تک انتیس لاکھ بانوے ہزار ڈالرز بیرون ملک سے پارٹی فنڈز کی مد میں موصول ہوئے۔