خبرنامہ پاکستان

الیکشن کمیشن کی عمارت کی تلاشی لینے کی خبریں بے بنیادہیں: سیکرٹری الیکشن کمیشن

اسلام آباد (آئی این پی) سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی عمارت کو خالی کرنے اور سیکیورٹی اداروں کی طرف سے عمارت کی تلاشی لینے کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیادہیں، دفتر میں سرکاری امور سرانجام دیئے جا رہے ہیں، ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حساس اداروں کی طرف سے جڑواں شہروں میں دہشت گردی کے خطرے کا الرٹ جاری کئے جانے کے بعد دونوں شہروں کے حساس مقامات خصوصاً ریڈزون کی سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے اور الیکشن کمیشن کی عمارت کو خالی کرا کر اس کی جامع تلاشی لینے کے بعد عمار ت کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔ دوسری طرف سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے میڈیا پر چلنے والی ان رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی عمارت کو خالی کرانے اور سیکیورٹی اداروں کی طرف سے عمارت کی تلاشی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، دفتر میں معمول کے مطابق سرکاری امور سرانجام دیئے جا رہے ہیں۔(اح)