خبرنامہ پاکستان

الیکشن 2018: نتائج کی ترسیل کیلئے نادرا کا تیار کردہ سسٹم استعمال کرنے کا معاہدہ

الیکشن 2018: نتائج کی ترسیل کیلئے نادرا کا تیار کردہ سسٹم استعمال کرنے کا معاہدہ

لاہور:(ملت آن لائن) الیکشن کمیشن عام انتخابات 2018 میں نتائج کی ترسیل کے لیے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا مرتب کردہ جدید سسٹم استعمال کرے گا۔ عام انتخابات 2018 میں رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کے استعمال کے حوالے سے الیکشن کمیشن اور نادرا کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت نادرا الیکشن کمیشن کو رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کا ڈیٹا بیس بنا کر دے گا۔
الیکٹرانک اور بائیومیٹرک ووٹنگ مشینوں کا عملی مظاہرہ کرنے کا فیصلہ
الیکشن کمیشن میں منعقدہ تقریب میں الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکریٹری بابر یعقوب فتح محمد جبکہ نادرا کی جانب سے چیئرمین عثمان یوسف مبین نے دستخط کئے۔اس موقع پر نادرا اور الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس منصوبہ کے تحت نادرا الیکشن کمیشن کو موبائل فون پر نتائج مرتب کرنے کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا، انتخابی ایکٹ 2017ءکے سیکشن 13 (2) کے تحت پریذائیڈنگ آفیسرز اپنے موبائل فون سے براہ راست پولنگ اسٹیشن سے الیکشن کمیشن یا ریٹرننگ آفیسر کو نتائج بروقت بھجوا سکیں گے۔ یہ سسٹم آئندہ عام انتخابات میں استعمال کیا جائے گا، الیکشن کمیشن اس سے قبل کامیابی سے چار ضمنی انتخابات میں اس ٹیکنالوجی کو استعمال کر چکا ہے۔