خبرنامہ پاکستان

امام کعبہ شیخ صالح بن محمد آل طالب لاہور پہنچ گئے

امام کعبہ شیخ صالح بن محمد آل طالب لاہور پہنچ گئے

لاہور:(ملت آن لائن) امام کعبہ شیخ صالح بن محمد آل طالب مرکزی جمعیت اہلحدیث کی 2 روزہ آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس میں شرکت کیلیے لاہور پہنچ گئے۔ علامہ اقبال ایئر پورٹ پر امام کعبہ شیخ صالح بن محمد آل طالب کا سعودی سفیر کیساتھ سینیٹر پروفیسر ساجد میر، ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، ابتسام الٰہی ظہیر نے پرتپاک استقبال کیا۔ امام کعبہ نے سینیٹر ساجد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پہنچ کر مجھے دلی مسرت ہوئی ہے، پاکستانی قوم دین سے محبت رکھنے والی ہے، اسکی حرمین شریفین سے والہانہ عقیدت مثالی ہے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا امام کعبہ نے ہماری دعوت قبول کرکے پورے پاکستان کو عزت بخشی ہے، ان کی آمد سے اخوت کے باہمی رشتے مزید پروان چڑھیں گے۔ استقبال کرنے والوں میں صوبائی وزیر مذہبی امور سید زعیم قادری، طاہر اشرفی، مولانا عبدالخبیر آزاد، حاجی عبدالرزاق، نذیر انصاری، ڈاکٹر عبدالغفور، قاری صہیب، حافظ عبدالستار، مولانا ابوبکر حنیف، عبدالمالک مجاہد ودیگر بھی شامل تھے۔ امام کعبہ آج 8مارچ کی آخری نشست میں شرکت کے علاوہ 9مارچ کا خطبہ جمعہ بھی دیں گے۔ سعودی عرب، امارات، کویت، قطر، برطانیہ، ملائیشیا، لیبیا، بنگلہ دیش، نیپال، بھارت، مالدیپ اور افغانستان سے وفود شریک ہونگے جبکہ ملک بھر سے لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔ حافظ عبدالکریم نے بتایا کانفرنس کی پہلی نشست آج بعد نماز ظہر شروع ہو گی جس کی صدارت مولانا عبدالرشد حجازی کریں گے جبکہ تیسری نشست بعد نماز عشا ہو گی جس کے مہمان خصوصی امام حرم کعبہ فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر صالح بن محمد آل طالب ہوںگے، آخری نشست کل سینیٹر ساجد میر کی صدارت میں ہو گی جبکہ امام کعبہ جمعہ کے اجتماع سے خطاب اور نماز جمعہ کی امامت کرائیں گے۔ واضح رہے کہ 2 روزہ کانفرنس آج سے کالا شاہ کاکو میں شروع ہو رہی ہے جس میں شرکت کے لیے اندرون وبیرون ملک سے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ امام کعبہ 2 روز بعد اسلام آباد روانہ ہو جائیں گے۔