خبرنامہ پاکستان

امتیازی سلوک ختم کرکے ملک بھر کیلئے یکساں کسان پیکج دیا جائے،تحریک انصاف کا مطالبہ

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں حسن نواز‘ ساجد جاوید اور لال چند نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کسان پیکج کے تحت امتیازی سلوک ختم کرکے ملک بھر کے لئے یکساں کسان پالیسی کے تحت ایک جنرل کسان پیکج دیا جائے‘ کسان پیکج سے عام کسان کو کوئی فائدہ نہیں ہورہا‘ حکومت بیج پر عائد ٹیکس ختم کرے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں حسن نواز‘ لال چند اور ساجد جاوید نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وفاق نے کسان پیکج کا اعلان کیا تھا۔ اس میں امتیازی سلوک کررہی ہے اور جہاں الیکشن ہوتا ہے وہاں پر پیکج دے کر دھاندلی کے لئے استعمال کرتی ہے۔ عام کسان کو اس پیکج سے فائدہ نہیں ہورہا۔ پورے ملک کے لئے یکساں پاکستان پالیسی بنا کر کسان پیکج دیا جائے۔ وفاقی حکومت کسان پیکج کے ذریعے اپنے اپنے لوگوں کو نواز رہی ہے عام کسان کو کچھ بھی نہیں مل رہا کسانوں کی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے پیکج کسانوں میں دے رہی ہے جس سے کسانوں کو فائدہ ہورہا ہے۔ زراعت اب کسانوں کے لئے منافع بخش کاروبار نہیں رہا حکومت بیج پر سے ٹیکس ختم کرے گندم کی بڑی تعداد میں بوریاں کاروباری لوگوں کو دی جارہی ہیں حکومت زراعت پیکج کا اعلان کرے۔ (ن غ/ و خ)