خبرنامہ پاکستان

امجد صابری قتل؛ ملزمان کےفوری گرفتاری کا حکم: صدر، وزیراعظم

اسلام آباد:(آئی این پی) صدر اور وزیراعظم نے امجد صابری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کراچی میں معروف قوال امجد صابری کے قتل کا نوٹس لے لیا اور واقعہ میں ملوث قاتلوں کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سیکیورٹی اداروں کو واقعہ میں ملوث ملزمان تک پہنچنے کےلیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے جب کہ شہر میں سیکیورٹی کے انتظامات بہتر بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے امجد صابری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ان کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر ممنون نے امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے جب کہ انہوں نے قاتلوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا حکم دیا ہے۔ آج کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں امجد صابری کو ان کی گاڑی میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔