خبرنامہ پاکستان

امجد فرید صابری کی نمازجنازہ ادا کردی گئی

کراچی (آئی این پی) پاکستان کے معروف قوال امجد فرید صابری کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں پاپوش نگر کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ نماز جنازہ میں غم سے نڈھال ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور آہوں اور سسکیوں میں امجد فرید صابری کو منوں مٹی تلے دفنا دیا گیا ۔ امجد فرید صابری کی آخری آرام گاہ ان کے والد اور چچا کی قبروں کے نزدیک ہی بنائی گئی ہے ۔ امجد فرید صابری کی میت کو نماز جنازہ کیلئے پاپوش نگر کے قبرستان میں لایا گیا تو تمام راستے عقیدت مند ان کے جنازے کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے رہے ۔ اس کے علاوہ جنازے کے راستے میں آنے والے گھروں کی خواتین اور مرد حضرات بھی میت گزرنے پر دھاڑیں مار مار کر آنسو بہاتےرہے ۔ نماز جنازہ لیاقت آباد نمبر 4 کی مین سڑک پر ادا کی گئی ، اس موقع پر دونوں اطراف سے سڑک کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا ۔ نماز جنازہ میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے پولیس ، سکیورٹی اور حساس اداروں کے جوانوں نے بھی خدمات انجام دیں ۔ امجد فرید صابری کو گزشتہ روز گھر سے نکلتے وقت ایک ٹی وی پروگرام میں شرکت کیلئے جاتے ہوئے فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا ، ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار ، پاکستان پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی نماز جنازہ میں موجود تھیں ، اس کے علاوہ امجد فرید صابری کی موت کے سوگ میں لیاقت آباد میں جگہ جگہ سیاہ رنگ کے جھنڈے بھی لہرائے گؕئے ۔