خبرنامہ پاکستان

امریکا: سیاہ فام شہری کی ہلاکت کیخلاف مظاہروں میں شدت

نیو یارک: (اے پی پی) امریکا میں سیاہ فام شہری کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف مظاہروں میں شدت آ گئی ، امریکی ریاست منی سوٹا میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں ، پولیس نے سو سے زائد مظاہرین کو حراست میں لے لیا ، مظاہرے میں 21 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ۔ امریکی ریاستوں منی سوٹا اور لوزیانا میں پولیس کے ہاتھوں 2 سیاہ فام شہریوں کے قتل پر پولیس کے خلاف احتجاج شدت اختیار کر گیا ۔ منی سوٹا کے دارالحکومت سینٹ پال میں مظاہرین نے کئی سڑکیں اور پل بند کر دیے ۔ مشتعل افراد نے پولیس پر پتھراؤ کیا ، بوتلیں اور فائر کریکر بھی پھینکے ۔ مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں بھی ہوئیں ہیں جس میں 21 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔ پولیس نے ہنگامہ آرائی کے الزام میں سو سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔ لوزیانا کے دارالحکومت بیٹن روگ میں بھی سیاہ فام مظاہرین اور پولیس میں جھڑپ ہوئی ۔ ٹینیسی ، جارجیا ، نیویارک ، لاس اینجلس اور سان فرانسسکو میں بھی سیاہ فام شہری کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔