خبرنامہ پاکستان

امریکا نے میزائل، ایٹمی پروگرام محدود کرنے کا نہیں کہا، دفتر خارجہ

امریکا نے میزائل

امریکا نے میزائل، ایٹمی پروگرام محدود کرنے کا نہیں کہا، دفتر خارجہ

لاہور:(ملت آن لائن) پاکستان نے بھارتی عدالتوں کی جانب سے مکہ مسجد بم دھماکے اور سمجھوتہ ایکسپریس دہشتگرد حملے کے ماسٹر مائنڈ آسیم آنند سمیت دیگر ملزمان کی بتدریج رہائی پر گہرے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے عدالتی نظام کا مکمل مذاق اڑا رہا ہے،پاکستان دہشتگردی کیخلاف کارروائی کسی کے کہنے پر نہیں کر رہا بلکہ یہ ہمارے اپنے ملکی مفاد میں ہے۔
گزشتہ روز دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹرفیصل نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جمعرات کی صبح بھارتی فورسز نے پدھر سیکٹر کے ذیلی سیکٹرز تھب اور بنچریاں میں بھاری خودکار ہتھیاروں اور ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل فائر کئے اور براملہ گاؤں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کھیتوں میں کام کرنے والے نذیر اور رفیق نامی 2 بیگناہ سویلین شہید اور 2 زخمی ہوئے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستانی فوج نے بھارتی فائرنگ کا موثر جواب دیا۔ ترجمان نے کہا بھارت یو این ملٹری آبزرور گروپ کو ورکنگ باؤنڈری اور ایل او سی پر کام کرنے نہیں دیتا تاکہ وہ صورتحال کو مانیٹر نہ کر سکیں۔ ترجمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا حال ہی میں امریکی سفارتکار ایلس ویلز کا حالیہ دورہ پاک امریکا مسلسل رابطوں کی ایک کڑی تھی۔ امریکی سفارتکار سے دوطرفہ تعلقات، افغان مہاجرین، کشمیر کے تنازع، افغانستان سے حملوں اور افغانستان کے تحفظات سمیت مختلف موضوعات پر بات چیت ہوئی تاہم ترجمان نے واضح کیا کہ امریکی سفارتکار نے پاکستان کے ایٹمی اور میزائل پروگرام کو محدود کرنے کا نہیں کہا۔ ترجمان نے کہا چین کیساتھ ہمارے تعلقات کثیر الجہتی ہیں اور بھارتی وزیراعظم کے دورہ چین سے پاک چین تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف کارروائی کسی کے کہنے پر نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا گزشتہ 17 سال کے دوران فوجی آپریشنز نے افغان عوام کے مصائب میں مزید اضافہ کیا ہے۔ افغان عوام اور حکومت کی قیادت میں سیاسی بات چیت کے ذریعے ہی افغانستان میں پائیدار امن قائم کیا جا سکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سینٹ پیٹرز برگ کے نائب گورنر کی قیادت میں روس کا اعلیٰ کاروباری وفد جلد پاکستان کا دورہ کریگا۔