خبرنامہ پاکستان

امریکا کے لیے ملکی مفادات پرسمجھوتہ نہیں کریں گے، خواجہ آصف

امریکا کے لیے ملکی مفادات پرسمجھوتہ نہیں کریں گے، خواجہ آصف

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر خارجہ خواجہ محمدآصف نے کہا ہے کہ امریکی مفادات کے لیے ملکی مفادات پرسمجھوتہ نہیں کریں گے۔قومی مفاد ذاتی و ادارہ جاتی مفاد سے بالاتر ہے۔سی پیک نے پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک پارٹنرشپ کو ایک نئی جہت دی۔ سی پیک سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی۔پہلے ملک میں کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی لیکن آج ہم نے اس پر کافی حد تک قابو پایا ہے،ہمیں سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر ملکی مفاد کو دیکھنا ہوگا۔ہم نے ہمیشہ افغانستان کی امن کے اہم کردار ادا کیا ہے۔جمعرات کو یہاں سی پیک سے متعلق تقریب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت ملک کے مختلف حصوں میں سی پیک کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔سی پیک ایشیا میں پاک چین دوستی اور تعاون کی بہترین مثال ہے۔اس منصوبے کے تحت ملک بھر میں خصوصی اقتصادی زونز قائم کر دیئے جائیں گے جس سے سرمایہ کاروں کو فائدہ ہو گا ۔سی پیک کے زریعے مختلف تہذیبیں آکر مل رہی ہیں آور ہم اس کا حصہ بن رہے جو ہمارے لئے باعث فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کی امن کے اہم کردار ادا کیا ہے۔افغان صدر کے طالبان سے متعلق حالیہ بیان کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ افغان صدرکی طالبان سے مذاکرات کی پیشکش کو اچھی نظر سے دیکھتے ہیں، امریکا اگر کوئی کردار ادا کرنا چاہتا ہے تو پہلے امریکا کو اپنی پالیسیوں میں توازن پیدا کرنا ہوگا۔ہم امریکی مفادات کے لیے ملکی مفادات پرسمجھوتہ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے 65 ممالک کو فائدہ ہو گا۔افغانستان کی صورتحال علاقائی رابطوں کی راہ کی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئلے سے بجلی بنانے کے کئی منصوبے مئی 2018 ء تک مکمل کرلیے جائیں گے جبکہ گوادر ائر پورٹ پر کام کا آغاز جلد کر دیا جائے گا۔خواجہ محمدآصف نے کہا کہ ہمیں ایک ایسا ہمسایہ ملا ہے جو امن پر راضی نہیں، بھارت نے کشمیر میں ظلم کی انتہا کردی ہے لیکن دنیا کا ضمیر سویا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں۔