اسلام آباد:(ملت آن لائن) امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد پاکستان پہنچ گئے، دورے کے دوران وہ پاکستانی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اسلام آباد پہنچ گئے جہاں وہ پاکستان کے سول وعسکری حکام سے ملاقات کریں گے۔
زلمے خلیل زاد دورہ پاکستان کے دوران ہونے والی ملاقاتوں میں افغان مفاہمتی عمل، طالبان سے مذاکرات پر بات کریں گے۔
امریکا کے نمائندہ خصوصی طالبان سے امریکی مذاکرات پر سیاسی وعسکری قیادت کو اعتماد میں لیں گے۔
امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد 2 سے 20 دسمبر تک پاکستان سمیت افغانستان، روس، ترکمانستان، ازبکستان، بیلجیئم، متحدہ عرب امارات اور قطر کا دورہ کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو خط ارسال کیا تھا، خط میں امریکی صدر نے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے پاکستان سے مدد مانگی تھی
ڈونلڈ ٹرمپ نے نیک خواہشات کا اظہار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی تعریف بھی کی تھی۔