خبرنامہ پاکستان

امریکہ انسانی وسائل کی ترقی کے لئے پاکستان کی مدد کرے:احسن اقبال

اسلام آباد ( آئی این پی ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات احسن اقبال نے امریکہ پر پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی کے لئے معاونت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کے زریعے پاکستان کے وژن2025پر عمل در آمد کو ممکن بنایا جا ئے گا۔ حکومت بہتر ین امریکی یونیورسٹیوں کے ذریعے پاکستان کے انسانی وسائل کی ترقی کو ملک میں علم پر مبنی معیشت کو فروغ دینے کے لئے خواہاں ہے۔پاکستان امریکہ نالج کوریڈور دونوں ممالک کے درمیان پل کر کردار اد ا کرے گا۔ جمعرات کو وزار ت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق احسن اقبال نے امریکہ کی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے تعلیم اور ثقافتی امور ایون ریان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ ملک میں پرائمری و اعلی تعلیم کے فروغ خاص کر لڑکیوں کی تعلیم پر حکومتی کوششوں سے انہیں آگاہ کیا۔انہوں نے امریکہ کی معاونت سے ان کوششوں کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا پاک امریکہ نالج کوریڈور کو وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ کے موقع پر مشترکہ اعلامیہ میں سب سے اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔اب اسے فعال کرنے کا اہم کام رہتا ہے احسن اقبال نے کہا پاکستان کو ملک میں فیکلٹی کی ضروریات پورا کرنے کے لئے اگلے دس سالوں میں دس ہزار پی ایچ ڈی افراد کی ضرورت ہے جو اس نالج کوریڈور کے ذریعے پوری کی جائے گی۔انہوں نے ایسے ماہرین تعلیم کا امریکہ میں گروپ بنانے کی تجویز دی جن کی تحقیق کا موضو ع پاکستان ہو۔انہوں نے کہا پاکسان امریکہ اسٹرٹیجک ڈائیلاگ میں تعلیم ، سائنس و ٹیکنالوجی کا گروپ ایک اہم گروپ ہے جس کا مقصد عشروں پر محیط تعلقات کو سلامتی کے امور سے نکال کر سماجی شعبے تک پھیلانا ہے۔انہوں نے پاکستان بہت تیزی سے بدل رہا ہے اور اس کا مثبت تاثر اجاگر کرنے کے لئے برانڈ پاکستان کا قدم اٹھایا گیا ہے جسے بیرون ملک زیر تعلیم پاکستانی طلباء کے ذریعے کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔امریکہ کی اسسٹنٹ سیکرٹری نے احسن اقبال کو پاکستان امریکہ نالج کوریڈور کے منصوبے کی تجویز دینے پر سراہتے ہوئے کہا یہ پاکستان کے تعلیم نظام کو امریکہ کی جامعات کے ساتھ منسلک کرکے اس میں انقلاب پیدا کر سکتا ہے۔انہوں نے ملک میں لڑکیوں کی تعلیم پر احسن اقبال کی کوششوں کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی ملک میں تعلیم کے فروغ کی کوششوں سے بہت متاثر ہوئی ہیں۔امریکہ کی اسسٹنٹ سیکرٹری نے احسن اقبال کی پاکستان اور امریکہ کی تعلیم کے شعبے میں امریکہ میں بسنے والے پاکستانیوں کے ذریعے فروغ دینے کی تجویز کی بھی حمایت کی۔( و خ )