خبرنامہ پاکستان

امریکہ کی جانب سے11بکتربند گاڑیاں فراہم

امریکہ کی جانب سے11بکتربند گاڑیاں فراہم
اسلام آباد(ملت آن لائن)امریکی حکومت کی جانب سے پاکستانی پولیس کو دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف لڑنے کیلئے 28 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی گیارہ بکتر بند گاڑیوں فراہم کر دی گئیں۔ بدھ کو امریکی سفارتخانے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے قائم مقام معاون سیکرٹری ڈیوڈ رینز نے تقریب کے دوران گیارہ بکتر بند گاڑیاں اسلام آباد پولیس، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور خیبر پختونخواپولیس کے حوالے کیں۔ امریکی حکومت کی جانب سے اِن بکتر بند گاڑیوں کی فراہمی پاکستانی عوام کے تحفظ و سلامتی کو بہتر بنانے کے لئے پاکستان کے ساتھ ملکرکام کرنے کے عزم کی عکاس ہے۔ تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری، فرنٹیئر کانسٹیبلری کے کمانڈنٹ لیاقت علی خان اور خیبر پختونخواپولیس کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ڈاکٹر محمد نعیم خان نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام معاون سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ رینز نے کہا کہ پاکستانی پولیس عوام کو محفوظ رکھنے کے لئے ہر روز قربانیاں دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان دونوں ممالک میں ہم اپنے عوام کی حفاظت کے لئے پولیس پر انحصار کرتے ہیں اور ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ اور پاکستان میں سلامتی و قانون کی حکمرانی کے لئے پاکستانی عوام کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ امریکی کمپنی لینکو کی تیارکردہ یہ گاڑیاں دْور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور جرائم، دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے سدباب اور بیخ کنی کے لئے سویلین سکیورٹی فورسز کے لئے معاون ثابت ہوں گی۔ یہ بکتر بند گاڑیاں پولیس کی کارروائی کی صلاحیت میں بہتری لانے اور دہشت گردوں، عسکریت پسندوں اور منشیات کے اسمگلروں سے درپیش خطرات کا مقابلہ کرتے وقت اہلکاروں کی زندگیاں بچانے کے لئے اشد ضروری ہیں۔ نیشنل پولیس بیورو کے مطابق تقریباً ساڑھے چھ ہزار پولیس اہلکار پاکستان میں فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں۔