خبرنامہ پاکستان

امریکی امداد کا باب بند کرنے کا وقت آگیا ہے، شہبازشریف

لاہور(ملت آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے وقت آگیا ہے کہ امریکی امداد کا باب بند کیا جائے۔مجھے یقین ہے پاکستانی قوم اس موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دےگی۔

اپنے ایک بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان انسانی جانوں ،سرمائے اور املاک کی صورت میں بہت قربانیاں دے چکا، زندہ اور باوقار قومیں اغیار کی طرف دیکھنے کے بجائے اپنے مسائل خود حل کرتی ہیں لہٰذا وقت آگیا ہے کہ نرم الفاظ میں شکرگزار ہیں کہہ کرامریکی امداد کا باب بند کر دیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ امریکی امداد پرمبالغہ آمیز تبصرے قوم کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں، جن قوموں نے بدیسی نسخوں کو ترجیح دی ان کے ہاتھ کچھ نہیں آیا، یہ موقع ہے ہم اوروں سے منصفانہ اور باعزت سلوک کی امید رکھیں، مجھے یقین ہے پاکستانی قوم اس موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دےگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کسی ملک کو حق نہیں کہ وہ تعاون کو جواز بنا کر پاکستانی عوام پر ناروا الزامات لگائے، کسی ملک کو فراخدلانہ تعاون کو جواز بنا کر بے جا مطالبات کا بھی حق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ غربت اور بے توقیری کی حالت سے نکلنے کے لیے ہمیں دن رات محنت کرنا ہوگی، اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کرکے ہی ہم اپنی عزت نفس محفوظ رکھ سکتے ہیں اور ہمیں یقین رکھنا ہو گا پاکستانی عوام اپنی قسمت خود بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔