خبرنامہ پاکستان

امریکی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو وہ مقام ملے گا جس کا وہ حقدار ہے، مصدق ملک

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف کے معاون خصوصی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران دیئے گئے سخت بیانات کا اثر وقت گذرنے کے ساتھ دم توڑ جائے گا۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو میں انھوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے امریکی عوام کو 45 ویں صدر کے انتخاب پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی مہم اور ریاست کا انتظام دو مخلتف معاملات ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ صدر منتخب ہونے کے بعد صدر ٹرمپ نے جو بیان دیا اس میں انھوں نے کہاکہ وہ تمام امریکیوں کے صدر ہیں اور اب امریکا کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کا آغاز کریں گے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی اتنخابی مہم کے دوران استعمال کیے گئے سخت الفاظ ریاست کے انتظام کے عمل میں دم توڑ جائیں گے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ صدر ٹرمپ بھی ماضی کے امریکی صدور کی طرح امریکا کی ترقی کے لئے کام کریں گے۔ پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ امریکا کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو وہ مقام ضرور ملے گا جس کا وہ حقدار ہے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی اولین ترجیح دہشتگردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ ہے اور اس جنگ میں پاکستان امریکا کا اتحادی ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکا افغانستان میں قیام امن چاہتا ہے اور افغانستان میں استحکام پاکستان کے مفاد میں بھی ہے۔ ایران کے ساتھ امریکا اچھے تعلقات چاہتا ہے اور پاکستان بھی وسط ایشیائی ممالک سے بہترین تعلقات کا خواہاں ہے۔پاک چین اقتصادی راہ داری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ روس اور وسطی ایشیاء تک راہ داری کھلنے سے گرشتہ سو سالوں سے جنگوں میں مصروف ممالک ترقی اور خوشحالی کی جانب بڑھنا شروع ہو جائیں گے اور اس سے پاکستان میں بھی ترقی کی نئی راہیں کھل جائیں گی۔