خبرنامہ پاکستان

امریکی وزیر آج اسلام آباد پہنچیں گے

امریکی وزیر آج اسلام آباد پہنچیں گے
اسلام آباد:(ملت آن لائن) امریکی وزیر دفاع کا ایک روزہ دورہ پاکستان، وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں شیڈول کا اہم حصہ ہیں۔ پاک امریکہ تعلقات اور افغانستان کا مسئلہ مذاکرات کا محور ہو گا۔ جیمز میٹس وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ افغانستان میں قیام امن کےعلاوہ خطے کی سلامتی، پاک بھارت کشیدگی اور باہمی تعاون سمیت متعدد موضوعات پر بات چیت ہو گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی جنوبی ایشیا کیلئے نئی پالیسی کے بعد امریکی وزیر دفاع کا دورہ انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ کویت پہنچنے سے پہلے فلائٹ میں صحافیوں سے گفتگو میں جب ان سے محفوظ پناہ گاہوں سے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ہزاروں جوانوں نے قربانیاں دیں اور ہزاروں پاکستانیوں نے دہشت گردوں کے ہاتھوں جانیں گنوائیں۔ پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات کا حصول اول ترجیح ہے جبکہ خطے میں مشترکہ مفادات پر بات آگے بڑھائیں گے۔