خبرنامہ پاکستان

امریکی یونیورسٹیوں میں دس ہزار پاکستانی طلباء کو پی ایچ ڈی کی تربیت فراہم کی جائے گی،احسن اقبال

اسلام آباد ۔ (اے پی پی)منصوبہ بندی و ترقی اور اصلاحات کے وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کی حکومتیں امریکی یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی کے دس ہزار پاکستانی طلباء کی تربیت کے معاملات پر مذاکرات کر رہی ہیں۔ واشنگٹن ڈی سی میں سینٹر فار سٹریجیٹیک اینڈ انٹر نیشنل سٹڈیز کے مذاکرہ میں بحثیت مہمان خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے انتہائی خوشگوار باہمی تعلقات ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان کے مسائل اور یہاں پر موجود مواقع کے بارے میں بھی بتایا ۔ وزارت کی جانب سے ہفتہ کو جاری کئے جانے والے ایک بیان کے مطابق انہوں نے پاکستان کی مستقبل کی اقتصادی ترقی کے وسیع ویژن اور وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے سائنس ، ٹیکنالوجی ، انجینئرنگ ، حساب اور سوشل سائنسز کے شعبوں میں دس ہزار پی ایچ ڈی سکالرز کی بیرون ملک تربیت کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا ہے تاکہ ملک کی ترقی اور شرح نمو میں اضافہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ڈی پروگرام کیلئے حکومت اپنے وسائل سے فنڈز فراہم کر رہی ہے اور ہم امریکی یونیورسٹیوں کی انتظامیہ سے بھی اس حوالے سے بات چیت کر رہے ہیں تاکہ آئندہ دس سال کے دوران امریکی یونیورسٹیوں سے دس ہزار پی ایچ ڈی سکالز کو تربیت فراہم کروائی جا سکے ۔ وفاقی نے کہاکہ اگر یہ پروگرام مکمل ہوجاتا ہے تو آئندہ صدی پاکستان کی اقتصادی ترقی کے حوالے سے تیز ترین صدی ہوگی اور یہی وجہ ہے کہ میں امریکا کے دورے پر ہوں ۔احسن اقبال نے کہا کہ 29فروری کو ہونے والے پاک امریکا تزویراتی مذاکرات سے توقع ہے کہ مستقبل کیلئے انتہائی اہم اس مسئلہ پر دونوں ممالک لائحہ عمل مرتب کرلیں گے ۔ مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات 1947ء سے قائم ہیں جن میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہواہے ۔ انہوں نے ملک کی اقتصادی و معاشی ترقی کے حوالے سے کئے جانے والے حکومتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ویژن 2025ء کے تحت پاکستان کا شمار دنیا کی 25بڑی معیشتوں میں ہوگا۔