خبرنامہ پاکستان

امسال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کر سکیں گے

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) رواں سال مارچ میں متوقع مردم شماری کے بعد اگر پاکستان کی آبادی میں 2 کروڑ نفوس کا اضافہ ہوا تو پاکستان کا حج کوٹہ مزید 20 ہزار بڑھ جائے گا۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے حج کوٹہ میں گزشتہ چند سالوں کے دوران مسجد الحرام کی توسیع کے سلسلہ میں جو 20 فیصد کٹوتی کی تھی وہ اب دوبارہ بحال کر دی گئی ہے جس کے تحت حج 2017ء میں ایک لاکھ 43 ہزار 368 کی بجائے ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔ سعودی عرب نے حج کوٹہ کو آبادی سے مشروط کیا ہے جس کے تحت ایک ہزار افراد کی آبادی پر ایک فرد کا حج کوٹہ دیا جاتا ہے۔ پاکستان کا موجودہ کوٹہ 18 کروڑ کی آبادی کے تناسب سے ایک لاکھ 80 ہزار مقرر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وزارت حج نے پاکستان سے یہ بھی کہا ہے کہ جب پاکستان میں مردم شماری کا عمل مکمل ہو جائے گا تو اس کے نتیجہ میں سامنے آنے والے آبادی کے حوالے سے اعداد و شمار کو مدنظر رکھ کر پاکستان کے حج کوٹہ میں مزید توسیع کر دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کی آبادی مردم شماری کے بعد 2 کروڑ بڑھ جاتی ہے تو پاکستان کا حج کوٹہ مزید 20 ہزار افراد بڑھ جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں وزیر مذہبی امور اور سعودی وزارت حج کے درمیان ہونے والی بات چیت انتہائی مثبت رہی ہے۔ حج 2017ء کے لئے تشکیل پانے والے معاہدے کی روشنی میں وزارت مذہبی امور نئی حج پالیسی پر کام کر رہی ہے جس کو باقاعدہ منظوری کے لئے وفاقی کابینہ کو بھیجا جائے گا۔ ذرائع نے یہ بھی توقع ظاہر کی ہے کہ گزشتہ سالوں کے دوران حج انتظامات میں بہتری کے لئے جو اقدامات کئے گئے ہیں اور اس سلسلے میں جو کسر باقی رہ گئی تھی، حج 2017ء میں مزید اقدامات اٹھا کر اس کو بہتر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ حج 2017ء گزشتہ سالوں کے مقابلے میں مزید بہتر ہوگا اور لوگوں کو حجاز مقدس میں زیادہ سے زیادہ سہولیات ملیں گی۔ سعودی وزارت حج نے حج کے مخصوص ایام کے دوران تمام پاکستانی حاجیوں کو ٹرین کے ذریعے سفر کرنے کے لئے سہولت فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے جس سے پاکستانی حاجیوں کے ٹرانسپورٹ سے متعلقہ بیشتر مسائل حل ہو جائیں گے۔