خبرنامہ پاکستان

امن، خوشحالی اور آزادی کے فروغ کیلئے اقوام متحدہ کو اپنی ساکھ کو بحال کرنا چاہئے،وزیراعظم محمد نواز شریف

نیویارک ۔ 21 ستمبر (ملت نیوز…اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ امن، خوشحالی اور آزادی کے فروغ کیلئے اقوام متحدہ کو مرکز و محور کی حیثیت سے اپنی ساکھ کو بحال کرنا چاہئے۔ بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری پرآشوب اور ایک دوسرے پر انحصار کرنے والی دنیا میں اقوام متحدہ عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کو یقینی بنانے اور امن کو بحال کرنے کیلئے ایک ناگزیر ادارہ کی حیثیت رکھتا ہے، اس کے اصول بین الاقوامی قانون کے حوالے سے اہم ستون، رکن ممالک کے طرز عمل کیلئے رہنما اصول اور تمام اقوام اور عوام کے جائز حقوق کے ضامن ہیں، امن، خوشحالی اور آزادی کے فروغ کیلئے اقوام متحدہ کو مرکز و محور کی حیثیت سے اپنی ساکھ کو بحال کرنا چاہئے۔اس مقصد کیلئے اسے زیادہ نمائندہ، شفاف اور جوابدہ بننا چاہئے۔ سلامتی کونسل کی جامع اور جمہوری اصلاحات جس کی پاکستان حمایت کرتا ہے، سے اس کی مطابقت اور نمائندگی میں اضافہ ہونا چاہئے۔ استحقاق کے نئے مراکز کی تشکیل اس کے برعکس کارفرما ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقوام متحدہ سے غیر متزلزل وابستگی مسلمہ ہے، ہم نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں ہر اول دستے کے طور پر مسلسل اپنا کردار ادا کیا ہے۔