خبرنامہ پاکستان

امین گنڈا پور کا مولانا فضل الرحمان کو دوبارہ انتخابات لڑنے کا چیلنج

ڈیرہ اسماعیل خان سے این اے 38 پر تحریک انصاف کے ممکنہ کامیاب امیدوار علی امین خان گنڈا پور نے دھاندلی کے الزامات کے جواب میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو دوربارہ الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین خان گنڈا پور نے کہا کہ ڈی آئی خان کے عوام نے مولانا کو مسترد کردیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کو چیلنج کرتا ہوں دوبارہ میدان میں آئیں اور جیت کر دکھائیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے خلاف مولانا نے بھرپور سازشیں کی اور اسی سازش کے تحت میرے خلاف تین بندے کھڑے کردیے۔ لیکن سب کو شکست ہوئی۔

علی امین خان نے حلقہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے وژن کو لے کر ملک و قوم کی خدمت کروں اور عمران خان ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے علاوہ ملک کی 8 بڑی جماعتوں نے انتخابات کے نتائج پر سوالات اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 فراہم نہیں کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے انتخابی نتائج تسلم نہ کرنے کا اعلان کیا جبکہ ایم ایم اے کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے الیکشن نتائج کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے دو دن کے اندر آل پارٹیز کانفرنس اور آج ایم ایم اے کا سربراہی اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان، پاک سرزمین پارٹی اور تحریک لبیک پاکستان نے بھی فارم 45 کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا اور نتائج مسترد کردئے۔