اسلام آباد:(آئی این پی) برطانوی وزیرداخلہ تھریسا مے نے کہا ہے کہ امیگریشن سے متعلق پاک برطانیہ تعاون باعثِ اطمینان ہے، دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ وزارت داخلہ کے مطابق برطانوی وزیر داخلہ تھریسا مے نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور امیگریشن کے حوالے سے دو طرفہ تعاون باعث اطمینان ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے ہمہ جہتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس میں مزید بہتری کا خواہاں ہے۔ اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ نے ایک سیاسی جماعت کی دھمکیوں پر خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام سے بھی فون پر بات کی اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ چوہدری نثار سے سندھ کے سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم نے بھی ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔