خبرنامہ پاکستان

انتخابات میں پختونوں کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، آفتاب احمد خان شیرپاؤ

پشاور: قومی وطن پارٹی( کیو ڈبلیو پی) کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے الزام عائد کیا ہے کہ انتخابات میں خیبرپختونخوا کے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔

انہوں نے دیگر تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں مبینہ گڑ بڑ کے خلاف متحد ہو کر موثر حکمت عملی ترتیب دیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے اصل مینڈیٹ کا تحفظ ضروری ہے۔

واضح رہے کہ قومی وطن پارٹی کے عہدیداروں اور نومنتخب اراکین اسمبلی کا اجلاس آفتاب شیر پاؤ کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگراں حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں آزادانہ اور شفاف انتخابات کروانے کا عہد پورا کرنے میں ناکام رہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے لوگوں میں غیر یقینی کیفیت پھیل گئی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ تقریباً تمام ہی جماعتوں نے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ انتخابی عمل میں گڑ بڑ ہوئی۔

آفتاب شیرپاؤ کا مزید کہنا تھا کہ نگراں حکومت نے اپنے قیام سے ہی آزادانہ اور شفاف انتخابات کروانے کی اپنی بنیادی ذمہ داری پر توجہ نہیں دی، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت ایک مرتبہ پھران نااہل لوگوں کو دے دی گئی ، جنہوں نے صوبے کا براحال کردیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوام کی مشکلات دور کرنے میں ناکام رہی، جبکہ گزشتہ اسمبلی پختونوں کے مسائل حل کرنے اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدارمیں عوام کے مفاد کے خلاف ہے، ملک نازک دور سے گزر رہا ہے اسلیے تمام جماعتوں کومل کر خیبر پختونخوا کے عوام کا اصل مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر دیگر مقررین کا کہنا تھاکہ ناتجربہ کار اور نو آموز حکومت آنے کی وجہ سے افغانستان کے مسئلے اور پختونوںکو سخت نقصان پہنچے گا، ان کا کہنا تھا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کو سیاسی طور پرتنہا نہیں ہونے دیں گے۔

اس کے علاوہ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی کر کے پختون قیادت کو دیوار سے لگادیا گیا، جس کی وجہ سے اسمبلیوں میں پختونوں کی اصل نمائندگی نہیں ہوسکے گی۔