خبرنامہ پاکستان

انتخابات2018ء کے انتظامات کا آخری مرحلہ

الیکشن 2018ء کے انتظامات آخری مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔ 25 جولائی کو عوام اپنے ووٹ کا آزادانہ استعمال کریں گے اور اپنے امیدوار اور پارٹی کو ووٹ دینگے۔

انتخابات2018ء کےالیکشن کو صاف شفاف بنانے کیلئے ریٹرننگ آفیسرز متحرک ہوگئے ہیں۔ پاک فوج کے جوان سارے عمل میں سول اورجوڈیشل انتظامیہ کی بھرپور مدد کرنےمیں مصروف ہیں۔ سبز رنگ کے تھیلوں میں قومی اسمبلی جبکہ سفید رنگ کے تھیلوں میں صوبائی اسمبلی کے حلقوں کا پولنگ سامان ڈال دیا گیا ہے۔ ریٹرننگ آفیسرز بیلٹ پیپرز ،بیلٹ باکسز، مختلف مہریں اور پولنگ کادوسراسامان 24 جولائی کو پولنگ عملے کے حوالے کردیں گے۔

بارش کا امکان،افسران اور عملے کو الرٹ جاری

پولنگ ڈے پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش 26 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بارش کے پیش نظر افسران اور عملے کو الرٹ کر دیا، بارش سے 25 جولائی کو پولنگ کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 22 سے 26 جولائی تک تیز بارش ہوگی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید اور موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کے بعد محکمہ بلدیات نے تمام ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کو خطوط ارسال کر دئیے ہیں، جس میں انہیں کہا گیا ہے کہ الیکشن والے دن شہر میں ہونے والی بارش سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔

ترجمان واسا کے مطابق کل سے جاری بارش کے باوجود فی الحال راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول پر ہے، نالےمیں گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 5فٹ اور کٹاریاں میں 7فٹ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ فاٹا، خیبر پختون خوا، فیصل آباد، بہاولپور، ملتان اور گلگت بلتستان میں بھی آج بارش ہو سکتی ہے۔