خبرنامہ پاکستان

انتخابی اصلاحات کمیٹی کا بل منظور ہوگیا، اسحاق ڈار

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کا بل کمیٹی نے منظور کرلیا جس پر جمعہ کے روز دستخط ہوں گے۔

اسلام آباد میں انتخابی اصلاحات کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے بعد کمیٹی ارکان کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ الیکشن بل 2017 پر سب جماعتوں نے اتفاق کیا ہے اور انتخابی اصلاحات کمیٹی کا بل کمیٹی نے منظور کرلیا ہے جس پر دستخط کی تقریب جمعہ کو ہوگی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ انتخابی قوانین کی تیاری کے لیے ذیلی کمیٹی نے 90 سے زائد اجلاس کیے، انتخابی قوانین الیکشن کمیشن کی مشاورت سے بنائے گئے اور ان کی تیاری میں تمام جماعتوں نے اپنا حصہ ڈالا ہے۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کا اس پر اتفاق تھا کہ بہترقوانین بنیں، کوشش ہے ایسے اقدامات کیے جائیں جس سےانتخابات کا انعقاد شفاف ہو۔

جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے خواتین کے 10 فیصد ووٹ کی شرط پرتحفظات کا اظہارکیا۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کے ووٹ پرتحفظات ظاہر کیے اور اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ پر بھی تحفظات بتادیئے ہیں۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔

پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے مطالبات نہ مانے جانے پر اجلاس سے واک آؤٹ کیا، کافی وقت سے حکومت کو کہہ رہے تھے لیکن وہ اصلاحات نہیں کی جارہیں، اب بنی گالا میں اجلاس کے بعد آیندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔