خبرنامہ پاکستان

انتہاء پسندانہ سوچ پر قابو پانے کیلئے ہمیں اعتدال پسند سوچ کو متعارف کرنے کی ضرورت ہے۔مشیرقومی سلامتی

اسلام آباد (ملت آن لائن،اے پی پی) لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے دہشت گردی کے خلاف جاری پیچیدہ جنگ کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہاء پسندانہ سوچ پر قابو پانے کیلئے ہمیں اعتدال پسند سوچ کو متعارف کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے یورپین یونین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں یورپین یونین کے ماہرین اور سابق سفیر طارق عثمان حیدر شامل تھے۔ بات چیت کے دوران متشدد انتہاء پسندی پر قابو پانے سے متعلق یورپین یونین کا تجویز کردہ منصوبہ سٹرایو بھی زیر بحث لایا گیا۔ قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ یہ منصوبہ شدت پسندی اور دہشت گردی کے بنیادی وجوہات پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ وفد کے ارکان نے اس سلسلہ میں باضابطہ میکنزم وضع کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے منصوبے پر عملدرآمد میں تعاون کی درخواست کی۔