خبرنامہ پاکستان

انتہا پسندی ہمارے حکمرانوں کی پیدا کی ہوئی ہے

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و رکن قومی اسمبلی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ انتہا پسندی ہمارے حکمرانوں کی پیدا کی ہوئی ہے‘ افغان جنگ کا حصہ بنتے وقت ہم نے کہا تھا کہ جہاد نہیں فساد میں حصہ لے رہے ہو آج اس کے نتائج پوری قوم بھگت رہی ہے‘ جو چیز کر نہیں سکتے اس کے نعرے کیوں لگائے جاتے ہیں‘ لوڈشیڈنگ کے معاملے پر (ن) لیگ نے عوام کو بے وقوف بنایا ‘ جھوٹ بولنا سیاستدانوں کی عادت بن چکی ہے۔ وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میرے حلقے میں پندرہ گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ ہورہی ہے حکومت بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے نعرے زیادہ مارتی ہے کرتی کچھ نہیں ملک کی بدقسمتی سے سیاستدانوں نے جھوٹ بولنا وطیرہ بنا لیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کا سیاست سے ایمان اٹھتا جارہا ہے۔ جب لوڈشیڈنگ ختم نہیں کرسکتے تھے تو کیوں نعرے مارے گئے۔ اے این پی سچ کی سیاست کرتی ہے سیاست کو ایمان سمجھتے ہیں۔ غلام احمد بلور نے کہا کہ مشال خان کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں انتہا پسندی ہمارے حکمرانوں کی پھیلائی ہوئی ہے اے این پی نے کہا تھا کہ افغان جنگ کا حصہ نہ بنو یہ فساد ہے تب ہماری بات نہیں مانی گئی آج اس کے نتائج ساری قوم بھگت رہی ہے۔ (ن غ/ ا ر)