خبرنامہ پاکستان

انسانی اسمگلنگ کی سزا 5 سال مقرر؛ قائمہ کمیٹی نے بل منظور کر لیا

انسانی اسمگلنگ کی سزا 5 سال مقرر؛ قائمہ کمیٹی نے بل منظور کر لیا

اسلام آباد:(ملت آن لائن) قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی سمندرپاکستانی وانسانی وسائل ترقی نے انسانی اسمگلنگ کے تدارک اوراس کیخلاف سزائیں سخت کرنے کابل امیگریشن (ترمیمی)بل 2017 متفقہ طور پر منظور کر لیا جس کے مطابق انسانی اسمگلنگ کی سزا 5 سال مقرر کی گئی ہے۔ اجلاس چیئرمین عامرمگسی کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں انسانی اسمگلنگ کیخلاف بل کی محرک شازیہ ثوبیہ نے کہا کہ دودفعہ یہ بل پاس ہواہے لیکن اسمبلی میں پیش نہیں ہوا، اراکین نے کہاکہ جب تک ملزمان کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے نہیں ڈالاجائیگا اس وقت تک ملک کے بیروزگار نوجوان دیار غیر میں غیر محفوظ رہیں گے۔ کمیٹی نے متفقہ بل کی منظوری دے دی،سینیٹ قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کااجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹرجاویدعباسی کی سربراہی میں ہوا۔ کمیٹی نے سیکرٹری قانون کی عدم حاضری پراظہار برہمی کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں شرکت لازمی بنانے کی ہدایت کر دی، اجلاس میں طاہرمشہدی کے آئینی ترمیمی بل 2017اور سسی پلیجو کے آئینی ترمیمی بل 2016کاجائزہ لیا گیا، طاہر مشہدی نے کہا کہ یہ بل آرٹیکل51 میں ترمیم سے متعلق ہے۔ چیئرمین نے کہا کہ بہترہے کہ پہلے صوبائی اسمبلیوں کے لیے اختیار کرانے کی سفارش کی جائے اوربعد میں قومی اسمبلی کے لیے الیکشن کمیشن اور وزارت قانون کے حکام نے بھی کہا کہ یہ ابھی ممکن نہیں۔
جس پر طاہرمشہدی نے آئینی ترمیمی بل واپس لے لیا،الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں میں تاخیرسے متعلق تمام تاثرات مسترد کرتے ہوئے کمیٹی کوآگاہ کیاہے کہ ملک بھرمیں حلقہ بندیوں کاعمل بروقت مکمل کر لیا جائے گا ۔قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی شماریات کا اجلاس رامیش کمارکی صدارت میں ہوا، کمیٹی کوبریفنگ میں بتایاگیاکہ مردم شماری کے پانچ فیصدنتائج کے آڈٹ کے لیے تھرڈ پارٹی منتخب کرلی گئیں۔آڈٹ کب تک مکمل ہوگاکوئی ڈیڈ لائن نہیں دے سکتے۔ سیکریٹری شماریات رخسانہ یاسمین نے بتایاکہ مردم شماری کے حتمی نتائج اپریل کے آخری ہفتے میں کابینہ کو پیش کیے جائینگے۔ اجلاس میں وزارت شماریات کے حکام نے اعتراف کیاکہ حالیہ مردم شماری مہم میں معذوروں اورتیسری جنس کے بارے میں مکمل معلومات سامنے نہیں آسکیں، قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کااجلاس چیئرمین بابرنوازکی صدارت میں ہوا۔کمیٹی نے صوبوں کی جانب سے گزشتہ تین سال سے لیبرپالیسی نہ بنانے کا سخت نوٹس لے لیا،ممبران نے مقتول نقیب اللہ محسودکے دھرنے میں اظہارہمدردی کے لیے شرکت کرنے پراتفاق کیا، کمیٹی نے وزارت انسانی حقو ق کے پبلک سیکٹرڈیولپمنٹ پروگرام پی ایس ڈی پی برائے سال 2018-19پرتحفظات کا اظہارکردیا۔ چیئرمین نے وزارت کا ہدایت کی کہ وہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیومین رائٹس ہیلپ لائن اوروومن ہاسٹل کی تعمیر کے منصوبوں کوجلد مکمل کرنے کی ہدایات کی ہے،قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ کااجلاس راناحیات کی زیرصدارت ہوا۔ کمیٹی نے پی آئی اے طیاروں کی حالت پرتشویش کا اظہار کیا اور پی آئی اے کی نئی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ادارے کے نقصانات پرقابو پانے اورقومی ایئرلائن کی کارکردگی بہترکرنے کے لیے تجاویزفراہم کریں۔
کمیٹی نے سابقہ ادوار میں نجی فضائی کمپنیوں کولینڈنگ رائٹس دینے کے حوالے سے تفصیلات طلب کرلیں،کمیٹی نے اسلام آباد میں ایک نیاجدید اسپتال بنانیکی سفارش کردی،کمیٹی نے دوہزاراٹھارہ کے انتخابات کے لیے پرنٹنگ کارپوریشن کی جانب سے نئی مشینوں کی خریداری کے معاملے پردی جانیوالی بریفنگ پرعدم اطمینان کا اظہار کیا، سینیٹ قائمہ کمیٹی صنعت و پید اوار کااجلاس چیئرمین ہدایت اللہ کی زیر صدار ت میں ہوا۔ کمیٹی کو پاکستان اسٹیل مل کے سی ای اوکی جانب سے بتایا گیا کہ اسٹیل مل کے ساڑھے 8سو ملازمین کوگریجویٹی کی مد میں واجبات ادا کردیے گئے۔ کمیٹی نے وزارت خزانہ حکام کی اجلاس میں عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہارکیاگیا اور آئندہ اجلاس میں وزارت خزانہ کے سیکریٹری خزانہ کو طلب کرلیا گیا کمیٹی میں یوٹیلیٹی اسٹورزکا رپوریشن کی جانب سے بتایا گیاکہ کارپوریشن کے 11 حاضرسروس ملا زمین بے ضابطگیوں میں ملوث ہیں کلثوم پر وین نے کہاکہ کارپوریشن معیار کو یقینی بنائے۔ نیشنل فرٹیلائزکمپنی کی جانب سے اپنے کام پربھی کمیٹی کو بریف کیا گیا، سینیٹ قائمہ کمیٹی قواعدوضوابط واستحقاق کااجلاس جمال دینی کی زیر صدارت میں ہوا۔ کمیٹی نے قائم مقام صدرکوکراچی دورے کے دوران پروٹوکول نہ ملنے کے معاملے پر اگلے اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ کو لازمی شرکت کا حکم جاری کیاہے۔