خبرنامہ پاکستان

انسانی سمگلنگ روک تھام کے لئے رکن ممالک سے رابطے کی ضرورت ہے،ملیحہ لودھی

انسانی سمگلنگ روک تھام کے لئے رکن ممالک سے رابطے کی ضرورت ہے،ملیحہ لودھی
نیویارک:(ملت آن لائن) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے ممالک کے مابین تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے جبکہ انسانوں کی سمگلنگ کرنے والے امیر اور غریب کے مابین بڑھتے ہوئے فرق، آپس کے بڑھتے ہوئے تنازعات اور اقتصادی ناہمواریوں سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کی 15 رکنی سلامتی کونسل میں ’’تنازعات کی صورتحال میں ٹریفکنگ ان پرسنز‘‘ بارے بحث میں حصہ لیتے ہو ئے کیا ۔ انہوں نے لیبیا میں افریقی تارکین وطن کو غلاموں کے طور پر استعمال کئے جانے کی مذمت کی۔ پاکستان کی مستقل مندوب نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اس لعنت کے خلاف جدوجہد کرنی چاہیے۔ انہوں نے انسانی سمگلروں کے دہشت گردوں سے تعلق اور تنازعات کے باعث ہونے والی انسانی سمگلنگ پر تشویش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹرملیحہ لودھی نے کہا کہ دنیا بھر میں مواصلاتی ذرائع کی بے مثال سہولیات اور ٹرانسپورٹیشن کے باعث انسانی سمگلرز اور دہشت گرد نیٹ ورکس متحرک ہیں جو مافیا کی شکل میں کام کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں انسانی سمگلنگ کے بارے میں اس رپورٹ کا حوالہ بھی دیا جس کے مطابق تنازعات کی وجہ سے 24.2 ملین افراد بے وطن ہوئے ہیں۔