خبرنامہ پاکستان

انصاف دلوانے کے لیے وکلاء کا کردار اہم ہے،صدر آزاد وکشمیر

انصاف دلوانے کے لیے وکلاء کا کردار اہم ہے،صدر آزاد وکشمیر

اسلام آباد/سما ہنی:(ملت آن لائن) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ شہریوں کی انصاف تک رسائی اور انصاف دلوانے کے لیے وکلاء کا کردار اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماہنی بار کونسل کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حلف لینے والوں میں راجہ ذوالفقار احمد ، صدر بار کونسل سماہنی ، چوہدری وحید جنرل سیکرٹری بار کونسل سماہنی اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔ صدر بار کونسل کی طرف سے بار کے لیے لائبریری کی کتب فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ اس پر صدر گرامی نے کہا کہ وہ بہت جلد بار کونسل کی لائبریری کے لیے رقم مہیا کریں گے۔ صدر آزاد کشمیر نے کشمیر پریس کلب سماہنی کے عہدیداران سے بھی حلف لیا جن میں سید مظہر حسین جعفری صدر پریس کلب سماہنی ، چوہدری راشد راج جنرل سیکرٹری، راجہ عمران اختر سیکرٹری نشر و اشاعت اور دیگر شامل تھے۔ صدرآزاد کشمیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو اپنے قلم کے ذریعے اور جدید ابلاغ عامہ کا استعمال کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی انتھک کاوشیں کرنی چاہئییں۔ اور معاشرے کے مسائل کو حکومتوں تک بھی موثر طریقے سے پہنچانا چاہیے۔ اس موقع پر صدر پریس کلب سماہنی نے صدر آزاد کشمیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ صدر آزاد کشمیر نے اپنا قیمتی وقت نکال کر سماہنی کنٹرول لائن کا دورہ کیااور تقریب میں شرکت کی۔ صدر آزاد کشمیر نے اس موقع پر کہا کہ صحافیوں اور وکلاء کومقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر جاری بھارتی جارحیت کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔ اور لوگوں کے مورال کو بلند کرنے میں اپنے قلم اور زبان کی طاقت کا بھر پور استعمال کرنا چاہیے۔ صدر نے کہا کہ وہ دن دور نہیں کہ مقبوضہ کشمیر کے ہمارے بہن بھائیوں کو آزادی کا سکھ چین حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔