خبرنامہ پاکستان

انصاف کےعالمی اداروں کومقبوضہ کشمیرمیں بھارتی دہشت گردی نظرنہیں آرہی، عابد شیر

اسلام آباد: (اے پی پی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ انصاف کے عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی نظر نہیں آ رہی، پاکستان بھارتی مظالم کے شکار نہتے کشمیریوں کی ہر فورم پر حمایت جاری رکھے گا، سندھ حکومت کو رینجرز کو پورے صوبے میں آپریشن کے اختیارات دینے چاہئیں، سینیٹر اعتزاز احسن کے ایجنڈے کا علم نہیں ۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل تک اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور کشمیریوں کی اخلاقی سفارتی حمایت کو ہر فورم پر جاری رکھے گا۔ عالمی انصاف کے ٹھیکیداروں کودوسرے ممالک میں دہشت گردی تو نظر آتی ہے لیکن انہیں مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ریاستی دہشت گردی کیوں نظر نہیں آتی، یہ یورپی ممالک کا دوہرا معیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ افسوس اس بات کا ہے کہ عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی مقبوضہ کشمیرمیں ریاستی دہشت گردی پر خاموش ہیں، انہیں اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے بھارت کو ریاستی دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، اس ادارے کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور اپنی قراردادوں پر عمل کرانا ہوگا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے سندھ حکومت کی طرف سے رینجرز کے اختیارات کو صرف کراچی کی حد تک محدود کرنے کے حوالے سے بتایا کہ رینجرز کو پورے سندھ میں جرائم پیشے لوگوں کے خلاف آپریشن کرنے کے لئے اختیارات میں توسیع دینی چاہیے، اس حوالے سے وفاق خاموش نہیں رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سینیٹر اعتزاز احسن کے ایجنڈے کا علم نہیں کہ وہ کس کے کہنے پر کام کر رہے ہیں۔ قومی مسائل ان کے کہنے پر نہیں حل ہوتے ۔انہوں نے کہاکہ دلائل سے مقدمہ جیتا جا سکتا ہے باتوں سے نہیں۔