خبرنامہ پاکستان

انقلابی شاعر فیض احمد فیض کی32ویں برسی (کل) منائی جائے گی

جہانیاں (ملت +‌آئی این پی) انقلابی شاعر فیض احمد فیض کی32ویں برسی 20نومبراتوار کو منائی جائے گی برسی کے سلسلے میں جہانیاں سمیت ملک بھر کے ادبی حلقوں میں تعزیتی ریفرنسز ،سیمینارز اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس سے خطاب کرتے ہوئے ملکی و غیر ملکی ادبی شخصیات اور مقررین اس انقلابی شاعر کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔ اپنے الفاظ کو محبت کے موتیوں میں پرو دینے والے شاعرفیض احمد فیض 13فروری1911ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے وہ علامہ اقبال اور مرزا غالب کے بعد اردو ادب کے عظیم شاعر تھے۔فیض احمد فیض کی شاعری میں نقش فریادی،دست سبا،نسخہ ہائے وفا،زنداں نامہ،دست تہہ سنگ،سر وادی سینا،میرے دل میرے مسافر اور دیگر قابل ذکر ہیں ان مجموعہ جات کے انگلش،فارسی،روسی، جرمن اور دیگر زبانوں میں تراجم شائع ہو چکے ہیں۔فیض احمد فیض ایشیاء کے وہ پہلے شاعرتھے جنہیں روس کی جانب سے لینن امن ایوارڈ سے نوازا گیا ان کی وفات سے قبل انہیں نوبل پرائز کیلئے بھی منتخب کیا گیا تھا ۔ فیض احمد فیض20نومبر 1984ء کو 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔