خبرنامہ پاکستان

انڈر 19 ایشیا کپ میں گرین شرٹس نے گرتے پڑتے سری لنکا کو قابو کرلیا

انڈر 19 ایشیا کپ میں گرین شرٹس نے گرتے پڑتے سری لنکا کو قابو کرلیا
کوالا لمپور:(م لت آن لائن) اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں گرین شرٹس نے گرتے پڑتے سری لنکا کو قابو کر لیا۔ کوالالمپور میں جاری ایونٹ میں 142رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کی بیٹنگ بھی ابتدا میں ڈگما گئی،صرف 38پر 3وکٹیں گرگئیں، اوپنرز محمد عمیر اور عمیر یوسف10،10رنز بنا سکے، عبداللہ شفیق بھی7 رنز تک محدود رہے، محمد طحٰہ نے 31اور روحیل نذیر نے 48رنز بنا کر سنبھالا دیتے ہوئے فتح کا راستہ بنایا، سعد خان 22 نے بھی حصہ ڈالا، اس دوران محمد محسن خان صرف 6رنز پر ساتھ چھوڑ گئے، پاکستان نے ہدف 32.1اوورز میں 7وکٹ پر حاصل کرلیا تاہم پراوین جیا وکراما کی 4وکٹیں کسی کام نہ آئیں۔ اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، صرف 41پر 6وکٹیں گرنے کے بعد ایشن بنڈارا نے 49رنز کا سہارا دیتے ہوئے ٹوٹل 141تک پہنچانے میں اہم کردارا ادا کیا،کیون گوتھی گوڈا 20 اور نوانیڈو14رنز کی معاونت دینے میں کامیاب ہوئے۔ مینر ریاض اور محمد موسیٰ نے3،3شکار کیے، شاہین آفریدی نے2 جبکہ حسان خان اور محمد طلحٰہ نے ایک ایک وکٹ لی۔