خبرنامہ پاکستان

انڈونیشیا کے صدر سرکاری دورہ مکمل کر کے روانہ ہو گئے

انڈونیشیا کے صدر سرکاری دورہ مکمل کر کے روانہ ہو گئے

اسلام آباد(ملت آن لائن) انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو ہفتہ کو اپنا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے روانہ ہو گئے۔ صدر ممنون حسین نے انڈونیشین اپنے ہم منصب اور خاتون اول ایریانا ویدودو کو رخصت کیا۔ انڈونیشیا کے صدر جمعہ کو وزراء اور کاروباری برادری پر مشتمل ایک وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے تھے۔ نور خان ایئر بیس پر معزز مہمانوں کو الوداع کرنے کے موقع پر صدر ممنون حسین کے ساتھ خاتون اول بیگم محمودہ ممنون حسین، وفاقی وزیر اویس احمد خان لغاری، سینیٹر عائشہ رضا اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی موجود تھیں۔ اپنی روانگی سے قبل انڈونیشیاء کے صدر نے پاکستان ایئر فورس کے جے ایف 17 تھنڈر طیارے کا بھی معائنہ کیا جو ایئر بیس پر موجود تھا۔ اس موقع پر ونگ کمانڈر عدنان نے معزز مہمان کو جدید ترین طیارے کی خصوصیات اور فنکشنز سے آگاہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انڈونیشیاء کے صدر نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کیا جبکہ صدر ویدودو نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے بھی ملاقات کی۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ تعاون اور باہمی تجارت کے فروغ کے حوالے سے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے معاہدوں اور دیگر دستاویزات پر بھی دستخط کئے۔ صدر ممنون حسین نے پاکستان کے دورے پر آئے معزز مہمان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ صدر ویدودو کا یہ پہلا دورہ پاکستان تھا۔ 2012ء میں انڈونیشیاء کے صدر سوسیلو بمبانگ یدہونو نے ڈی ایٹ کانفرنس میں شرکت کے لئے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔