اسلام آباد:(ملت آن لائن) اورنج ٹرین سمیت میگا منصوبوں سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ 10 دن میں پیسوں کی ادائیگی کا فیصلہ کر کے رپورٹ پیش کریں۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں اورنج ٹرین سمیت میگا منصوبوں سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی۔
عدالت میں سماعت کے آغاز پر ٹھیکے داروں کے وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ پیسے نہ ملنے سے اورنج لائن پر کام بند ہے، بروقت ادائیگی نہ ہوئی تومنصوبے کی لاگت مزید بڑھے گی۔
ٹھیکے داروں کے وکیل نے کہا کہ منصوبہ مکمل کر کے ہی جائیں گے اگرادائیگی ہوئی تو کام شروع ہوجائے گا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ٹھیکے داروں کے لیے پیسہ خون کی حیثیت رکھتا ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ فریقین سے مذاکرات ہو رہے ہیں جلد معاملہ حل ہوجائے گا، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ 10 دن میں پیسوں کی ادائیگی کا فیصلہ کرکے رپورٹ پیش کریں۔
یاد رہے کہ 16 نومبر کو سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ کے لیے فنڈز کے اجراء کا کام مکمل کرنے کے لیے 5 روز کی ڈیڈ لائن دی تھی۔
واضح رہے کہ رواں سال 24 اگست کو سپریم کورٹ نے اورنج ٹرین منصوبہ بروقت مکمل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔