خبرنامہ پاکستان

اورنج ٹرین کی لاگت پنجاب حکومت سے جواب طلب

اورنج ٹرین کی لاگت پنجاب حکومت سے جواب طلب
لاہور:(ملت آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے اورنج ٹرین منصوبے پر آنے والی لاگت کی تفصیلات یش کرنے کے لیے دائر درخواست پر وفاقی حکومت، حکومت پنجاب اور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے علاوہ فریقین سے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شاہد بلال حسن اور جسٹس عابد عزیز شیخ پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے گزشتہ روز کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ تو آ چکا ہے، اس پر درخواست گزار اظہر صدیق نے کہا کہ منصوبے کی شفافیت، کرپشن ، معاہدہ جات، قرضہ جات کا معاملہ عدالت عالیہ کے پاس ہی زیر التوا ہے۔ منصوبے پر اڑھائی سو ارب لاگت آئی جبکہ حکومت عدالت کو گمراہ کر رہی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ معاملہ حساس ہے، عدالت اس کا بغور جائزہ لے گی اور کوشش کریگی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے۔ معاملہ اتنا سادہ نہیں، جائزہ لینے کیلیے وقت درکار ہے۔