خبرنامہ پاکستان

اوپیک اجلاس میں تیل کی قیمت منجمد کرنے پر اتفاق نہ ہوسکا، قیمت مزید گر گئی

دوہا:(آئی این پی ) قطر میں تیل برآمد کرنے والے ممالک کے اجلاس میں پیداوار کے روکنے یا کمی کرنے کے فیصلے پر اتفاق نہ ہوسکا جس کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادرے کے مطابق قطر میں اوپیک ممالک کے اجلاس میں ایسے ممالک نے بھی شرکت کی جو اوپیک کے ممبر نہیں جب کہ اوپیک اجلاس تیل کی پیداوار کو موجودہ شرح پر منجمد کرنے کے سلسلے میں منعقد کیا گیا تھا جس پر ماہرین کی جانب سے اس بات کی امید کی جا رہی تھی کہ اس بات پر اتفاق کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ ہو سکےگا۔ خبر ایجنسی کے مطابق اجلاس میں ایران نے تیل کی قیمتیں منجمند کرنے کی مخالفت کی جس میں قیمتوں پر فیصلہ نہ ہوسکا جب کہ سعودی عرب نے بھی واضح کردیا ہے کہ وہ تیل کی پیداوار پر اس وقت تک کوئی حد مقرر نہیں کرے گا جب تک ایران بھی ایسا کرنے پر تیار نہ ہو جائے۔ خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران بین الاقوامی پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد زیادہ سے زیادہ تیل فروخت کرنا چاہتا ہے اوراسی لیے اس نے اجلاس میں شرکت بھی نہیں کی جس کے بعد اجلاس بے نتیجہ رہا اور اس کے چند گھنٹوں بعد ہی تیل کی قیمتوں میں 5 فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے۔