خبرنامہ پاکستان

او آئی سی ممالک اپنی ضروریات اسلامی ممالک کی مصنوعات سے پوری کریں،صدر

اسلام آباد (ملت+ آئی ا ین پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ بہت ضروری ہے، او آئی سی کے رکن ممالک اپنی ضروریات اسلامی ممالک کی مصنوعات سے پوری کریں، پاکستان اور مراکش کے درمیان باہمی تجارت صلاحیت سے کم ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔وہ مراکش کے سبکدوش ہونے والے سفیر مصطفی صلاح الدین سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔صدرمملکت نے کہا کہ تجارت میں اضافہ کے لیے پاکستان اورمراکش کے درمیان غیر ضروری ٹیکسوں کا خاتمہ ہونا چاہیے تاکہ تجارتی سرگرمیاں بڑھیں اور دونوں اقوام ایک دوسرے کے مزید قریب ہو سکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار ہے جس کا فائدہ مراکش کے سرمایہ کاروں کو اٹھانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اورمراکش کے درمیان تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں وفود کے تبادلے میں اضافہ ہونا چاہیے۔ صدرمملکت نے کہا کہ مراکش کے عوام اپنے خطے میں اپنے بہترین طرز عمل کی وجہ سے بہت ممتازہیں۔ انھوں نے مراکش کے وزیراعظم عبداللہ بین کیرین کی قیادت میں مراکش کی ترقی و خوشحالی کی جانب سفر کی بھی تعریف کی۔صدر مملکت نے مراکش کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سبکدوش ہونے والے مراکش کے سفیر نے پاکستانی حکومت کا علاقائی اور عالمی معاملات میں مراکش کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔