خبرنامہ پاکستان

آئندہ انتخابات میں شیر کا پوسٹ مارٹم کریں گے، چوہدری سرور

آئندہ انتخابات میں شیر کا پوسٹ مارٹم کریں گے، چوہدری سرور

لاہور:(ملت آن لائن) تحریک انصاف کے نو منتخب سینیٹر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے پنجاب سے ایک نشست جیتی تو صف ماتم بچھ گیا، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کے شیر کا پوسٹ مارٹم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی قیادت کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، نومنتخب سینیٹر کا کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلیوں میں ہارس ٹریڈنگ کی کوشش کی گئی مگر ہمارا کوئی رکن اسمبلی فروخت نہیں ہوا اور اُس نے اپنے ووٹ کی امانت کو خیانت نہیں کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب سے سینیٹ کی نشست جیتنے کے ساتھ ہی پارٹی میں اختلافات کی باتیں پھیلانے والوں کو مایوسی ہوگئی اور انہوں نے صف ماتم بچھا دیا، تحریک انصاف اپنی کامیابیوں کے سلسلے کو جاری رکھے گی۔ چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات سے قبل شیرمردہ ہوجائے گا اُس کے بعد ہم اُس کا پوسٹ مارٹم کریں گے کیونکہ زندہ لوگوں کا کبھی پوسٹ مارٹم نہیں کیا جاتا۔ تحریک انصاف کے نومنتخب سینیٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں مگر حکومت کی کمزوری کی وجہ سے عالمی دنیا اس کا اعتراف نہیں کررہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے اگر اس کو ختم کردیں تو پاکستان کے مسائل کافی حد تک خود بہ خود حل ہوسکتے ہیں، پی ٹی آئی کو حکومت ملی تو ملک کو درپیش چیلنجز ختم ہوجائیں گے۔