خبرنامہ پاکستان

آئندہ تمام صوبوں میں تحریک انصاف کی حکومت ہو گی: عمران خان

آئندہ تمام صوبوں میں تحریک انصاف کی حکومت ہو گی: عمران خان
اسلام آباد: (ملت آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے بعد پاکستان کے تمام صوبوں میں ان کی حکومت قائم ہو گی۔ تحریک انصاف نے اس ملک کو ٹھیک کرنا ہے کیونکہ سیاسی لیڈرشپ قوم کی بجائے صرف اپنا سوچتی ہے۔ اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دوسری حکومتوں کو بلین ٹری سونامی بارے بتانے کی ضرورت نہیں ہو گی کیونکہ اگلی حکومت ہماری ہو گی۔ تقریب سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ آلودگی سے بیماریاں پھیلتی جا رہی ہیں لیکن اس خطرناک صورتحال کی کسی کو کوئی فکر نہیں ہے۔ فضائی آلودگی کی وجہ سے گیارہ سال زندگی کے کم ہوتے ہیں۔ اسی آلودگی کی وجہ سے بچوں کو بھی بہت خطرات لاحق ہیں لیکن اس کا توڑ درخت لگا کر کیا جا سکتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہم نے خیبر پختونخوا میں درخت لگانے کا منصوبہ شروع کیا گیا تو ہمارا مذاق اڑایا جاتا تھا۔ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا اتنے درخت لگائے جا سکتے ہیں، لیکن بلین ٹری سونامی سارے پاکستان کے لیے مثال بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی اشتہاروں میں نہیں زمین پرلگائے گئے۔ اگر کسی کو بلین ٹری سونامی پر شک ہے تو انہیں مطمئن کیا جائے گا۔