خبرنامہ پاکستان

آئی ٹی ایف فیوچر ٹورز، پاکستان کو 9 سال بعد میزبانی مل گئی

آئی ٹی ایف فیوچر ٹورز، پاکستان کو 9 سال بعد میزبانی مل گئی
اسلام آباد:(ملت آن لائن) ملک میں امن وامان کی صورت حال بہتر ہونے کے بعد انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان کو9 سال بعد آئی ٹی ایف فیوچرز مقابلوں کی میزبانی دے دی۔
پی ٹی ایف کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ خان نے کہا کہ آئی ٹی ایف فیوچر کے مقابلے 9 سال بعد پاکستان میں واپس آ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ رواں سال فروری اور ستمبر میں ڈیوس کپ ٹائیز کے کامیاب انعقاد کے بعد انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان کوآئی ٹی ایف فیوچر مقابلوں کی میزبانی دی ہے۔ پی ٹی ایف کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق پہلا ایونٹ آئی ٹی ایف فیوچرٹورایف ون سرینا ہوٹلز 4 سے10دسمبر، آئی ٹی ایف فیوچر ایف ٹو کلثوم سیف اللہ خان 11سے17دسمبرجبکہ آئی ٹی ایف فیوچر ایف تھری بے نظیر بھٹو شہید 18سے 24 دسمبر تک کھیلا جائیگا، آئی ٹی ایف فیوچر ایف ون اور آئی ٹی ایف فیوچرایف ٹوکے مقابلے سید دلاور عباس پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد جبکہ آئی ٹی ایف فیوچر ایف تھری کا ایونٹ اسلام آباد ٹینس کمپلیکس میں کھیلا جائے گا۔ایف ون کے کوالیفائنگ راؤنڈ دسمبرسے شروع ہوگا جبکہ ایف ون کا مین راؤنڈ4 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ ہر ایونٹ کے لیے انعامی رقم 15ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ ایونٹس میں 200 کے قریب غیرملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کی ہے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر نے ٹینس کے فروغ کے لیے پی ٹی ایف کے اقدامات، وزارت بین الصوبائی رابطہ، حکومت اور قانون نافذکرنے والی ایجنسیوں کی جانب سے مختلف کھیلوں میں غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے سازگار ماحول کے اقدامات کو سراہا ہے۔