خبرنامہ پاکستان

آزادکشمیرقانون سازاسمبلی کےانتخابات کیلئےپولنگ شروع

مظفر آباد: (اے پی پی) آزاد کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے ارکان کے چناؤ کے لیے پولنگ شروع ہو گئی ۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دسویں عام انتخابات میں کل 49 نشستیں ہیں جن میں سے 41 جنرل نشستوں پر الیکشن ہورہا ہے۔ مسلم لیگ(ن)، پیپلزپارٹی اورتحریک انصاف کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ، 10 اضلاع پر مشتمل آزاد کشمیر کے انتخابی معرکے میں 42 سیاسی جماعتوں کے 423 امیدوار میدان میں ہیں ۔41 حلقوں کے چھبیس لاکھ سے زائد ووٹر اپنے نمائندے چنیں گے جن میں 11 لاکھ 90 ہزار 839 خواتین بھی شامل ہیں ۔ انتخابات کے لئے 5429 پولنگ اسٹیشنز اور 8048 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جب کہ الیکشن کمیشن کا مرکزی کنٹرول روم مظفر آباد قائم کیا گیا ہے۔ پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا ۔ امن و امان کی بہتر صورتحال کے لیے پاک فوج کے سترہ ہزار جوان بھی فرائض انجام دیں گے ، ایف سی اور پنجاب کانسٹیبلری بھی تعینات رہے گی ۔ حکمران جماعت پیپلز پارٹی نے تمام اکتالیس نشستوں پر امیدوار کھڑے کئے ہیں ، ن لیگ اڑتیس سیٹوں پر مقابلہ کر رہی ہے جبکہ تحریک انصاف پہلی بار بتیس حلقوں میں قسمت آزمائے گی ۔ آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں وزرائے اعظم رہنے والے چار امیدوار بھی حصہ لے رہے ہیں ۔ موجودہ وزیراعظم چودھری عبدالمجید ایل اے 2 میرپور چک سواری سے پیپلزپارٹی کے امیدوار ہیں ۔ سابق وزیراعظم اور موجودہ اپوزیشن لیڈر راجہ فاروق حیدر ایل اے 28 مظفر آباد ہٹیاں بالا سے نون لیگ کا پرچم اٹھائے ہوئے ہیں ۔ سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود ایل اے 3 میرپور سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر میدان میں ہیں جبکہ 2 بار وزیراعظم رہنے والے سردار عتیق احمد ایل اے 13 دھیر کوٹ سے مسلم کانفرنس کے امیدوار ہیں ۔ سابق صدر اور وزیراعظم سردار یعقوب کی بیٹی اور موجودہ وزیرفرزانہ یعقوب سابق صدر اور وزیراعظم سردار سکندرحیات کے بیٹے فاروق سکندر بھی انتخابی عمل کا حصہ ہیں ۔ موجودہ سینئر وزیر چودھری یاسین ، وزیر صحت سردار قمرالزمان اور ان کے بیٹے ضیاء القمر سابق اسپیکر شاہ غلام قادر اور اینکر پرسن مشتاق منہاس بھی قسمت آزمائی کر رہے ہیں ۔