خبرنامہ پاکستان

آشیانہ اسکیم کیس: چیئرمین نیب کی ہدایت پر احد چیمہ کی بیگم سے ملاقات

آشیانہ اسکیم کیس: چیئرمین نیب کی ہدایت پر احد چیمہ کی بیگم سے ملاقات

لاہور:(ملت آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) نے گرفتار سابق ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احد چیمہ کی اہلیہ کے ساتھ ملاقات کرادی جب کہ ملاقات کی تصویر بھی جاری کی گئی ہے۔ نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیگم احد چیمہ کی ملزم سے ملاقات کی اجازت دی اور یہ ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ سے زائد وقت تک جاری رہی جس میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی گئی۔ نیب کی جانب سے ملاقات کی تصویر بھی جاری کی گئی اور کہا گیا ہے کہ احد چیمہ نیب کی تحویل میں ہشاش بشاش ہیں جس کا اندازہ تصویر سے لگایا جاسکتا ہے۔
احد چیمہ کی گرفتاری: نیب نے پنجاب حکومت کے الزامات بے بنیاد قرار دیدیے
نیب کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب کسی کے ساتھ ناروا اور امتیازی سلوک پر یقین نہیں رکھتا اور ہر شخص کی عزت نفس کا قانون کے مطابق خیال رکھتا ہے جب کہ قانون کے مطابق فرائض سرانجام دیے جارہے ہیں۔
آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ کرپشن
پنجاب حکومت کی جانب سے شروع کیے جانے والے منصوبے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ کرپشن پر نیب نے 17 فروری کو بذریعہ نوٹس وزیراعلیٰ شہباز شریف کو 22 فروری کو طلب کیا۔ وزیراعلیٰ کی پیشی سے قبل ہی نیب نے کارروائی کرتے ہوئے 21 فروری کو لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کو گرفتار کرلیا۔ احد چیمہ پر آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی کی 32 کنال اراضی غیرقانونی طور پر الاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات ہیں۔ نیب حکام کی جانب سے اگلے ہی روز احد چیمہ کو عدالت میں پیش کیا گیا جس پر عدالت نے انہیں 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر حوالے کردیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف 22 فروری کو نیب کے سامنے پیش ہوئے اور ڈیڑھ گھنٹہ وہاں رہے جس کے دوران ان کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔ بعدازاں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ کرپشن کے معاملے پر نیب کی جانب سے بلائے جانے کو بدنیتی قرار دیا۔