خبرنامہ پاکستان

آصف زرداری کو ڈانس نہیں، فاتحہ پڑھنی چاہئے: خواجہ آصف

آصف زرداری کو ڈانس نہیں، فاتحہ پڑھنی چاہئے: خواجہ آصف
اسلام آباد:(ملت آن لائن) دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ زرداری پرسوں اسلام آباد میں پارٹی کو تباہ کر کے جشن منا رہے تھے، ان کی پارٹی کی جو حالت ہے، اس پر جشن نہیں، فاتحہ کہنی چاہئے تھی۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ زرداری اور طاہر القادری میں خاصی مماثلت ہے، ایک جیسے لوگ اکٹھے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرداری کو تو نظریئے کے مطلب کا بھی پتا نہیں، طاہر القادری اگراہی کر کے واپس چلے جاتے ہیں، ان کا کوئی نظریہ نہیں۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے استعفوں والی بات بڑا قدم ہو گا، ان کا مقصد ہے کہ نہ کھیڈاں گے، نہ کھیلن دیاں گے لیکن اس کا نقصان ملک کو ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کھیل مشرف نے بھی ختم کرنے کی کوشش کی تھی لیکن چل رہا ہے، کھیل ختم کرنے کا اختیار اللہ کے ہاتھ میں ہے، جو یہ سوچ رہے ہیں ایسا نہیں ہو گا، الیکشن 2018ء میں ہوں گے جس میں سب کا فائدہ ہے، ابھی تک کسی نے کھل کر قبل از وقت الیکشن کا نہیں کہا۔ وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بے نظیر کے بعد پیپلز پارٹی میں سکہ زرداری کا چلتا ہے اور زرداری ہمیشہ ذاتی مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتے ہیں، پیپلز پارٹی کو لاہور میں 1400 ووٹ پڑے، آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کو پیسہ بنانے والی مشین بنا دیا ہے، ان کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے، آصف زرداری حالات کے مطابق ہی فیصلہ کریں گے، اسمبلی تحلیل کی آپشن ہر وقت ہمارے پاس موجود ہے، حالات کے مطابق ہی فیصلہ کریں گے، اگر اس قسم کے حالات بنے تو ضرور فائدہ اٹھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی بھونچال 2013ء سے آ رہے ہیں لیکن قوی امید ہے کہ الیکشن 2018ء ہی میں ہوں گے، جون کے پہلے ہفتے میں اسمبلیاں تحلیل اور ستمبر میں الیکشن ہوں گے، سسٹم کو ڈی ریل کرنا بہت زیادہ مفاد پرست لوگوں کے حق میں نہیں ہو گا۔